دل میں رہنا کبھی خوابوں کے نگر میں رہنا
تم جہاں رہنا محبت کے سفر میں رہنا
خیر مقدم کے لئے آؤں گا میں بھی اک دن
تم ابھی سلسلۂ شام و سحر میں رہنا
وقت سمتوں کے تعین کو بدل سکتا ہے
تم مرے ساتھ محبت کے سفر میں رہنا
معجزہ یہ بھی ہے اس دور کے فنکاروں کا
آگ سے کھیلنا اور موم کے گھر میں رہنا
فکر شاعر کے دریچوں سے گزر کر دیکھو
کتنا دشوار ہے لوگوں کی نظر میں رہنا
غرق ہونے سے بچے کتنے سفینے گوہرؔ
کام آیا مری کشتی کا بھنور میں رہنا
غزل
دل میں رہنا کبھی خوابوں کے نگر میں رہنا
گوہر عثمانی