EN हिंदी
دل کے تاتار میں یادوں کے اب آہو بھی نہیں | شیح شیری
dil ke tatar mein yaadon ke ab aahu bhi nahin

غزل

دل کے تاتار میں یادوں کے اب آہو بھی نہیں

زبیر رضوی

;

دل کے تاتار میں یادوں کے اب آہو بھی نہیں
آئینہ مانگے جو ہم سے وہ پری رو بھی نہیں

دشت تنہائی میں آواز کے گھنگرو بھی نہیں
اور ایسا بھی کہ سناٹے کا جادو بھی نہیں

زندگی جن کی رفاقت پہ بہت نازاں تھی
ان سے بچھڑی تو کوئی آنکھ میں آنسو بھی نہیں

چاہتے ہیں رہ مے خانہ نہ قدموں کو ملے
لیکن اس شوخی رفتار پہ قابو بھی نہیں

تلخیاں نیم کے پتوں کی ملی ہیں ہر سو
یہ مرا شہر کسی پھول کی خوشبو بھی نہیں

جانے کیا سوچ کے ہم رک گئے ویرانوں میں
پرتو رخ بھی نہیں سایۂ گیسو بھی نہیں

حسن امروز کو تشبیہوں میں تولیں کیسے
اب وہ پہلے سے خم کاکل و ابرو بھی نہیں

ہم نے پائی ہے ان اشعار پہ بھی داد زبیرؔ
جن میں اس شوخ کی تعریف کے پہلو بھی نہیں