دل کا اک اک داغ شمع زیر داماں ہو گیا
ہم جہاں پہنچے وہیں جشن چراغاں ہو گیا
چاک دل کی بات تھی چاک جگر کی بات تھی
مفت میں رسوا مرا چاک گریباں ہو گیا
رقص کر یوں ایک اک بند عناصر ٹوٹ جائے
اے جنوں پابندیوں سے دل پریشاں ہو گیا
کس سے پوچھوں ارتقا کی کون سی منزل ہے یہ
آدمی خود آدمی کا دشمن جاں ہو گیا
چھوڑیئے افسانۂ انساں کو انساں اب کہاں
وہ تو بیچارہ ہلاک کفر و ایماں ہو گیا
پھول محروم تبسم اور صبا معذور رقص
یہ گلستاں کیا ہوا اے نقشؔ زنداں ہو گیا
غزل
دل کا اک اک داغ شمع زیر داماں ہو گیا
مقبول نقش