EN हिंदी
دل ہے کہ ہمیں پھر سے ادھر لے کے چلا ہے | شیح شیری
dil hai ki hamein phir se udhar le ke chala hai

غزل

دل ہے کہ ہمیں پھر سے ادھر لے کے چلا ہے

آصف جمال

;

دل ہے کہ ہمیں پھر سے ادھر لے کے چلا ہے
امید سے پھر رشتۂ جاں باندھ لیا ہے

آہٹ پہ نہ چونکو کہ نہ آئے گی یہاں موت
دستک پہ نہ جاؤ کہ یہ آوارہ ہوا ہے

اب سنگ مداوا نہیں آشفتہ سری کا
یاں سنگ سے بھی پھوڑ کے سر دیکھ لیا ہے

کیا کیجیے ہر کاوش درماں ہوئی محدود
ہر جادۂ امکاں ہے کہ مسدود ہوا ہے

زندہ ہیں بہر طور کہ مرنا نہیں بس میں
تا عمر ہمارے لیے جینے کی سزا ہے

اے دل کبھی پتھر بھی کہیں موم ہوئے ہیں
جو خواب میں دیکھا ہے کہیں سچ بھی ہوا ہے