دیں جسے چاہیں دل ہمارا ہے
اس میں کیا آپ کا اجارا ہے
بہکی بہکی جو کرتے ہو تقریر
سچ کہو دل کہاں تمہارا ہے
جان دیتے ہیں صبر کرتے ہیں
واہ کیا حوصلہ ہمارا ہے
سینے سے لپٹو یا گلا کاٹو
ہم تمہارے ہیں دل تمہارا ہے
پانی تلوار کا نہ پینے دیا
سوکھے گھاٹ آپ نے اتارا ہے
غزل
دیں جسے چاہیں دل ہمارا ہے
لالہ مادھو رام جوہر