دیکھے تیرا رستہ پھول
ایک اکیلا تنہا پھول
رات ہے چاند سویرا پھول
وہ تیرا یہ میرا پھول
باغ میں جا کر دیکھ لیا
کوئی نہیں تھا تجھ سا پھول
یوں چوراہوں کی زینت
جیسے ایک تماشا پھول
میں زنداں اور تنہائی
تو گلشن اور کیا کیا پھول
توڑا مسلا پھینک دیا
تو نے میرے پیار کا پھول
کانٹوں میں رہتا ہے جمیلؔ
پھر بھی سب سے اچھا پھول
غزل
دیکھے تیرا رستہ پھول
جمیل ملک