EN हिंदी
دیکھ عقد ثریا ہمیں انگور کی سوجھی | شیح شیری
dekh aqd-e-surayya hamein angur ki sujhi

غزل

دیکھ عقد ثریا ہمیں انگور کی سوجھی

نظیر اکبرآبادی

;

دیکھ عقد ثریا ہمیں انگور کی سوجھی
کیوں بادہ کشاں ہم کو بھی کیا دور کی سوجھی

غش کھا کے گرا پہلے ہی شعلے کی جھلک سے
موسیٰ کو بھلا کہئے تو کیا طور کی سوجھی

ہم نے تو اسے دیکھ یہ جانا کہ پری ہے
پریوں نے جو دیکھا تو انہیں حور کی سوجھی

دیکھا جو نہانے میں وہ گورا بدن اس کا
بلور کی چوکی پہ جھلک نور کی سوجھی

سر پاؤں سے جب پھنس گئے اس زلف سیہ میں
جب ہم کو سیاہی شب دیجور کی سوجھی

جنت کے لئے شیخ جو کرتا ہے عبادت
کی غور جو خاطر میں تو مزدور کی سوجھی

مصنوع میں صانع نظر آوے تو نظیرؔ آہ
نزدیک کی پھر کیا ہے جہاں دور کی سوجھی