EN हिंदी
درس آرام میرے ذوق سفر نے نہ دیا | شیح شیری
dars-e-aram mere zauq-e-safar ne na diya

غزل

درس آرام میرے ذوق سفر نے نہ دیا

اعزاز افصل

;

درس آرام میرے ذوق سفر نے نہ دیا
مجھ کو منزل پہ بھی ظالم نے ٹھہرنے نہ دیا

رقص کرتی رہی طوفان میں کشتی میری
میری ہمت نے مجھے پار اترنے نہ دیا

زندگی موت سے بد تر تھی پر اے وعدۂ دوست
لذت کشمکش شوق نے مرنے نہ دیا

ملتفت کل نظر آتی تھیں نگاہیں ان کی
کہیں دھوکا تو مجھے میری نظر نے نہ دیا

یوں تو رہنے کو پریشانیٔ خاطر ہی رہی
تیری زلفوں کو مگر میں نے بکھرنے نہ دیا

پھول تو پھول تھے اے خانہ بر انداز چمن
تو نے کانٹوں سے بھی دامن مجھے بھرنے نہ دیا

انہیں الفاظ میں ہے میری کہانی افضلؔ
غم نے جینے نہ دیا شوق نے مرنے نہ دیا