EN हिंदी
چہرے پہ نہ یہ نقاب دیکھا | شیح شیری
chehre pe na ye naqab dekha

غزل

چہرے پہ نہ یہ نقاب دیکھا

محمد رفیع سودا

;

چہرے پہ نہ یہ نقاب دیکھا
پردے میں تھا آفتاب دیکھا

کیوں کر نہ بکوں میں ہاتھ اس کے
یوسف کی طرح میں خواب دیکھا

کچھ میں ہی نہیں ہوں، ایک عالم
اس کے لیے یاں خراب دیکھا

دل تو نے عبث لکھا تھا نامہ
جو ان نے دیا جواب دیکھا

بے جرم و گناہ قتل عاشق
مذہب میں ترے صواب دیکھا

کچھ ہووے تو ہو عدم میں راحت
ہستی میں تو ہم عذاب دیکھا

جس چشم نے مجھ طرف نظر کی
اس چشم کو میں پر آب دیکھا

حیران وہ تیرے عشق میں ہے
یاں ہم نے جو شیخ و شاب دیکھا

بھولا ہے وہ دل سے لطف اس کا
سوداؔ نے یہ جب عتاب دیکھا