EN हिंदी
بھرپور محبت کا اعلان مکمل ہے | شیح شیری
bharpur mohabbat ka elan mukammal hai

غزل

بھرپور محبت کا اعلان مکمل ہے

محمود بیگ ساز

;

بھرپور محبت کا اعلان مکمل ہے
اس نیم نگاہی کا فرمان مکمل ہے

یا دشمن جاں مجھ پر سچ مچ ہے کرم فرما
یا میری تباہی کا سامان مکمل ہے

کس چاؤ سے اک بستی جو ہم نے بسائی تھی
دیکھا تھا وہی بستی ویران مکمل ہے

زخموں پہ مرے تو نے جس طرح نمک چھڑکا
اس نیم عنایت کا احسان مکمل ہے

ہر موڑ پہ ملتا ہے اللہ کا وہ بندہ
قالب میں جو انساں کے شیطان مکمل ہے

اے سازؔ مرے دل میں اب جان نہیں باقی
گو خون کا رگ رگ میں دوران مکمل ہے