بے بسی کی دھوپ ہے غمگین کیا
پھر رہا ہے در بدر مسکین کیا
ہنس رہا ہوں بے بسی کی دھوپ میں
ہو رہی ہے ذوق کی تسکین کیا
آ رہی ہیں دستکوں پر دستکیں
زندگی پھر ہو گئی سنگین کیا
آنکھ ہنستے ہنستے کیوں رونے لگی
ہر خوشی کرتی ہے بس غمگین کیا
اشک عادلؔ پی رہا ہوں آج کل
ہو گیا ہے ذائقہ نمکین کیا
غزل
بے بسی کی دھوپ ہے غمگین کیا
عادل حیات