EN हिंदी
بتائے دیتی ہے بے پوچھے راز سب دل کے | شیح شیری
batae deti hai be-puchhe raaz sab dil ke

غزل

بتائے دیتی ہے بے پوچھے راز سب دل کے

بیدم شاہ وارثی

;

بتائے دیتی ہے بے پوچھے راز سب دل کے
نگاہ شوق کسی کی نگاہ سے مل کے

نکالے حوصلے مقتل میں اپنے بسمل کے
نثار تیغ کے قربان ایسے قاتل کے

میں اس پہ صدقے جو جائے کسی کی یاد میں جاں
کسی کو چاہے میں قربان جاؤں اس دل کے

بڑی اداؤں سے لی جان اپنے کشتے کی
ہزار بار میں قربان اپنے قاتل کے

غبار قیس نہیں ہے تو کون ہے لیلیٰ
کوئی تو ہے کہ جو پھرتا ہے گرد محمل کے

وہ پھوٹ بہنے میں مشاق ہیں یہ رونے میں
رہیں گے دب کے نہ آنکھوں سے آبلے دل کے

مہار ناقۂ لیلیٰ تو کھینچ لے اے آہ
ہٹا دے دست طلب بڑھ کے پردے محمل کے

وہ دل میں ہیں مگر آنکھوں سے دور ہیں بیدمؔ
پڑا ہوا ہوں میں پیاسا قریب ساحل کے