بہار آئی ہے کیا کیا چاک جیب پیرہن کرتے
جو ہم بھی چھوٹ جاتے اب تو کیا دیوانہ پن کرتے
تصور اس دہان تنگ کا رخصت نہیں دیتا
جو ٹک دم مار سکتے ہم تو کچھ فکر سخن کرتے
نہیں جوں پنجۂ گل کچھ بھی ان ہاتھوں میں گیرائی
وگرنہ یہ گریباں نذر خوبان چمن کرتے
مسافر ہو کے آئے ہیں جہاں میں تس پہ وحشت ہے
قیامت تھی اگر ہم اس خرابہ میں وطن کرتے
کوئی فرہاد جیسے بے زباں کو قتل کرتا ہے
یقیںؔ ہم واں اگر ہوتے تو اک دو بچن کرتے
غزل
بہار آئی ہے کیا کیا چاک جیب پیرہن کرتے
انعام اللہ خاں یقینؔ