EN हिंदी
بڑے شباب پہ درد فراق مستی ہے | شیح شیری
baDe shabab pe dard-e-firaq-e-masti hai

غزل

بڑے شباب پہ درد فراق مستی ہے

ثاقب لکھنوی

;

بڑے شباب پہ درد فراق مستی ہے
نہ ہو شراب تو پہروں گھٹا برستی ہے

نہ شمع روتی ہے آ کر نہ برق ہنستی ہے
میں جب سے قبر میں ہوں بیکسی برستی ہے

سنے تو کون سنے میکدے میں واعظ کی
یہاں وہی ہیں جنہیں شغل مے پرستی ہے

میں سخت جاں نہیں خنجر بھی تیز ہے لیکن
نگاہ یاس ہے قاتل کی تیز دستی ہے

بھرے ہوؤں کو بھرا کرتے ہیں کرم والے
جہاں ہے سبزہ گھٹا بھی وہیں برستی ہے

غلط ہے زیر نگیں ہو کے دعویٔ وسعت
بس ایک حلقۂ خاتم فضائے ہستی ہے

ہزار خواہش دل ہے مگر نہ مانگوں گا
سبوے‌ مے کدہ پر وقت تنگدستی ہے

میں سن کے آیا تھا آبادیٔ عدم لیکن
کوئی نظر نہیں آتا یہ کیسی بستی ہے

چمن نہ دیکھ نشیمن کو دیکھ اے بلبل
بہار ہی میں کبھی آگ بھی برستی ہے

جلاؤں شمع تو آخر جلا کے دیکھوں کیا
ہر ایک رات یہاں شغل‌‌ غم پرستی ہے

نہیں ہے دہر میں یار اے دم زدن ثاقبؔ
بس ایک سانس میں طے ماجرائے ہستی ہے