EN हिंदी
باغ عالم میں ہے بے رنگ بیان واعظ | شیح شیری
bagh-e-alam mein hai be-rang bayan-e-waiz

غزل

باغ عالم میں ہے بے رنگ بیان واعظ

وزیر علی صبا لکھنؤی

;

باغ عالم میں ہے بے رنگ بیان واعظ
صورت برگ خزانی ہے زبان واعظ

مصر میں بھی نہ یہ فرعون کا عالم ہوگا
دیکھے مسجد میں کوئی شوکت و شان واعظ

ایک کانٹا سا نکل جائے ہمارے دل سے
سنسیوں سے کوئی کھینچے جو زبان واعظ

قلقل‌ شیشۂ مے سے ترے میکش ساقی
سن رہے ہیں خبر راز نہان واعظ

حال معلوم ہوا نار و جناں کا کیوں کر
اس قدر تو نہیں اونچا ہے مکان واعظ

نام مے وہ ہے کہ لب پر جو کبھی آتا ہے
منہ سے باہر نکل آتی ہے زبان واعظ

میکدے والوں سے دبنے لگے مسجد والے
دور ساقی کا ہے گزرا وہ زمان واعظ

میں بھی وہ ہوں جو مرے آگے کبھی منہ کھولے
کاٹ ڈالوں ابھی دانتوں سے زبان واعظ

اپنے رندوں کی میں ہو حق کا ہوں سننے والا
یا الٰہی نہ سنانا سخنان واعظ

میں پری زادوں کا عاشق ہوں تو وہ حوروں کا
میرے سودے سے ہے بڑھ کر خفقان واعظ

پائے خم بیٹھ کے نشہ میں وہ باتیں کیجے
لوگ سمجھیں سر منبر ہے بیان واعظ

اے صباؔ خلد میں جاؤں کہ جہنم میں جلوں
نہ سنا ہے نہ سنوں گا میں بیان واعظ