اپنی جاں بازی کا جس دم امتحاں ہو جائے گا
خنجر سفاک پر جوہر عیاں ہو جائے گا
آہ سوزاں کا اگر اونچا دھواں ہو جائے گا
آسماں اک اور زیر آسماں ہو جائے گا
کچھ سمجھ کر اس مۂ خوبی سے کی تھی دوستی
یہ نہ سمجھے تھے کہ دشمن آسماں ہو جائے گا
لے خبر بیمار غم کی ورنہ اے رشک مسیح
تیری فرقت میں فراق جسم و جاں ہو جائے گا
خاک کر دے گا مجھے آخر سیہ چشموں کا عشق
جسم خاکی گرد پائے آہواں ہو جائے گا
جب ادا سے وہ کرے گا قتل مجھ کو اے اثرؔ
کشتۂ شمشیر حیرت اک جہاں ہو جائے گا
غزل
اپنی جاں بازی کا جس دم امتحاں ہو جائے گا
امداد امام اثرؔ