EN हिंदी
اگر اللہ کی وحدانیت تسلیم کرتے ہو | شیح شیری
agar allah ki wahdaniyat taslim karte ho

غزل

اگر اللہ کی وحدانیت تسلیم کرتے ہو

محبوب راہی

;

اگر اللہ کی وحدانیت تسلیم کرتے ہو
تو پھر انسان کو خانوں میں کیوں تقسیم کرتے ہو

محبت دسترس سے لفظ و معنی کی ہے بالاتر
میاں تم اس کی بھی تشریح اور تفہیم کرتے ہو

تمہارا قول کیوں کر معتبر ٹھہرے کہ تم اس میں
کبھی تنسیخ کرتے ہو کبھی ترمیم کرتے ہو

حقیر ان کو سمجھتے ہو جو ہیں توقیر کے قابل
رذیلوں کی مگر تعظیم اور تکریم کرتے ہو

بغاوت کیوں نہیں کرتے خدا وندان باطل سے
خدا برحق ہے اس حق کو اگر تسلیم کرتے ہو

اگر قابو نہیں خود پر تو سب بے‌ سود و لا حاصل
بہادر لاکھ ہو تسخیر ہفت اقلیم کرتے ہو

ان آوارہ پرندوں کو پکڑ پاتے ہو تم کیوں کر
خیالوں کی اے راہیؔ کس طرح تنظیم کرتے ہو