ابھی ہے غیر کے الطاف سے جفائے حبیب
وہی رضا ہے ہماری جو ہے رضائے حبیب
نہ سمجھوں اپنا کسی کو رقیب رشک سے میں
وہ میرا دوست ہے جو ہووے آشنائے حبیب
وہ خواہ قتل کرے خواہ میری جاں بخشے
کہ مرگ و زیست پہ مختار ہے رضائے حبیب
نہ تیغ یار سے گردن پھراؤں میں ہرگز
کہ عین لطف سمجھتا ہوں میں جفائے حبیب
پتنگے شمع کے صدقے ہوں بلبلیں گل پر
کوئی کسی کے فدا ہو میں ہوں فدائے حبیب
بہشت کی مجھے ترغیب دے نہ تو واعظ
کسی کی مجھ کو تمنا نہیں سوائے حبیب
ہمیشہ مجھ سے وہ کہتا تھا مر کہیں حسرتؔ
ہزار شکر پذیرائی ہوئی دعائے حبیب
غزل
ابھی ہے غیر کے الطاف سے جفائے حبیب
جعفر علی حسرت