اب بھی اکثر دھیان تمہارا آتا ہے
دیکھو گزرا وقت دوبارہ آتا ہے
آہ نہیں آتی ہے اب تو ہونٹوں تک
سینے سے بس اک انگارہ آتا ہے
جانے کس دنیا میں سوتی جاگتی ہیں
جن آنکھوں سے خواب ہمارا آتا ہے
دن بھر جنگل کی آوازیں آتی ہیں
رات کو گھر میں جنگل سارا آتا ہے
جن راتوں میں چاند ہو یا پھر چاند نہ ہو
یاد بہت اس کا رخسارا آتا ہے
غزل
اب بھی اکثر دھیان تمہارا آتا ہے
اکبر معصوم