EN हिंदी
عاشق کو تیرے لاکھ کوئی رہنما ملے | شیح شیری
aashiq ko tere lakh koi rahnuma mile

غزل

عاشق کو تیرے لاکھ کوئی رہنما ملے

رسا رامپوری

;

عاشق کو تیرے لاکھ کوئی رہنما ملے
تیرا پتا ملا ہے نہ تیرا پتا ملے

تم مجھ سے آ ملے کبھی دشمن سے جا ملے
جب یہ مزاج ہے تو کوئی تم سے کیا ملے

بعد فنا بھی خیر سے تنہا نہیں ہیں ہم
بندوں سے چھٹ گئے تو فرشتوں میں آ ملے

جب دیر میں یہ دیکھا کہ اپنا گزر نہیں
کعبے کے جانے والوں میں مجبور جا ملے

دیکھو رساؔ چلے تو ہو تم توبہ توڑنے
در پر نہ مے کدے کے کوئی پارسا ملے