عالم وجد سے اقرار میں آتا ہوا میں
قصۂ درد بنا خواب سناتا ہوا میں
منصب دار پہ آیا ہوں بڑی شان کے ساتھ
حاکم شہر ترے ہوش اڑاتا ہوا میں
زندگی ہجر ہے اور ہجر بھی ایسا ہے کہ بس
سانس تک ہار چکا وصل کماتا ہوا میں
چاندنی رات میں دریا سی رواں یاد کے ساتھ
کیف و مستی میں چلا جھومتا گاتا ہوا میں
یار دیکھو تو کبھی موسم ہجراں میں ادھر
خاک ہوتا ہوں یہاں دشت سجاتا ہوا میں
شاخ امکاں سے تری یاد کی مہکار چنوں
ایک بھنورا سا تری اور کو جاتا ہوا میں
حلقۂ شعر سے گزروں گا محبت میں سعیدؔ
دل کے جذبات کو الفاظ میں لاتا ہوا میں
غزل
عالم وجد سے اقرار میں آتا ہوا میں
مبشر سعید