EN हिंदी
آج پھر اس دل نشیں پر آ گیا ہے | شیح شیری
aaj phir us dil-nashin par aa gaya hai

غزل

آج پھر اس دل نشیں پر آ گیا ہے

عبدالرحمان مومن

;

آج پھر اس دل نشیں پر آ گیا ہے
دل جہاں تھا پھر وہیں پر آ گیا ہے

ایک شہزادے خدا کے آسرے پر
کوفیوں کی سرزمیں پر آ گیا ہے

سر نگوں جب سے کیا ہے تیرے آگے
آسماں میری جبیں پر آ گیا ہے

وہ جو کل تک ہاں میں ہاں کرتا تھا میری
آج تو وہ بھی نہیں پر آ گیا ہے

خواب میں ابلیس نے آ کر بتایا
آدمی آدم کے دیں پر آ گیا ہے

تجھ سے پہلے بھی مکاں خالی نہیں تھا
تو مگر اس کے مکیں پر آ گیا ہے

مجھ سے مومنؔ کا پتہ کیا پوچھتے ہو
آنکھ کھولو وہ یہیں پر آ گیا ہے