زندگی
اتنی سادہ بھی نہیں کہ ایک بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی سیٹ
اس کے رنگوں کا احاطہ کر سکے
مگر رنگین سیٹ بھی تو شاعرانہ مبالغے سے کام لیتے ہیں
ہو سکتا ہے پیکٹ بھر حیات میں سات پیکٹ رنگ
انڈیلنے والوں کی حقیقی زندگی یہی ہو
روح اور ضمیر کی عمر بھر کی کمائی سیاہ رنگ کی پڑیا ہے
کسی فاحشہ کے بدن سے اڑتے ہوئے لمحے کا
دھنک بھر معاوضہ تو نہیں
ماہرین گرانی اور گناہ میں تناسب معکوس نہیں مانتے
تو آؤ زندگی کو انہی نگیٹیوز میں دیکھیں
نظم
زندگی
غلام محمد قاصر