ایک اکہرا دوسرا دہرا تیسرا ہے سو تہرا ہے
ایک اکہرے پر پل پل کو دھیان کا خونیں پہرہ ہے
دوسرے دوہرے کے رستے میں تیسرا کھیل کا مہرہ ہے
تیسرا تہرہ جو ہے اس کا سب سے اجاگر چہرہ ہے
گویا اکہرا پہرا دہرہ مہرا، تہرا چہرہ ہے
ایک اکہرا کاغذ دہرا تہرا ہو کر ناؤ بنی
ناؤ سے پل بھر بچے بہلے کھیل کھیل میں گھاؤ بنی
گھاؤ بنی تو دل میں دھیان یہ آیا کہہ دیں آؤ بنی
بن بن کر جو کھیل بگڑ جاتے ہیں ان کی بات نہیں
کوئی جنازہ بھی یہ نہیں ہے اور کوئی بارات نہیں
یہ اک ایسا دن ہے جس کے آگے پیچھے رات نہیں
تہرے کی ہر تہہ میں یوں تو ایک نیا ہی چہرا ہے
لیکن ہر ایک چہرا اس بن کھیلے کھیل کا مہرا ہے
جس کا رنگ اکہرا ہے
آگے بات بڑھائیں کیسے بات بنے تو بات بڑھے
اب تک رنگ اکہرا تھا گر کوئی بڑھا تو ہاتھ بڑھے
ہونی کی تو ریت یہی ہے چھوٹے دن کی رات بڑھے
اب تو جو بھی بڑھنا چاہے اپنے ساتھ ہی ساتھ بڑھے
آگے پیچھے دوڑ دوڑ کر اک آگے اک پیچھے ہے
پیچھے والا کیسے بڑھے جب آگے والا بھی دوڑے
دونوں چوٹ برابر کی ہیں یہ دونوں سے کون کہے
ہار اور جیت اسی میں ہے اب کون رکے اور کون بڑھے
نظم
الجھن کی کہانی
میراجی