وعدہ کرو شاعروں
اگلی جنگ عظیم شروع ہونے سے پہلے
تم ہمارے گھوڑوں کے پیچھے پیچھے بھاگنا
اور ہماری تلواروں کو اٹھانا سیکھ جاؤ گے
دھات سے بنی چیزوں کو
چمکانے والی پالش کے مرتبان
ہم تمہارے گھر پہنچا دیں گے
اور تم زندگی بھر
ہماری ٹوپیوں اور تمغوں کو
آسمانی چمک دیتے رہوگے
اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر
سچے دل سے حلف اٹھاؤ شاعر
کہ ہمارے جنگی طیاروں اور میزائلوں کے سوا
کسی کی تعریف نہیں کرو گے
ہماری بندوقوں اور ٹینکوں کی نالوں میں
کسی کو پھول نہیں رکھنے دو گے
ہماری توپوں اور جوتوں کی دھمک کے سوا
کوئی اور آواز نہیں سنو گے
اگلی جنگ عظیم کا اعلان
ہمارے ساتھ لکھو شاعروں
جنگی ترانوں کے بول
ہمارے ساتھ دہراؤ شاعروں
جب جنگ شروع ہوگی
ہماری تلواریں ہمیں دے دینا
جب دشمن حملہ کرے گا
ہم اپنے گھوڑوں پر سوار
پیچھے کی طرف دوڑیں گے
شاعروں
مرنے کے لیے تیار رہنا

نظم
شاعروں
ذیشان ساحل