الف سے آدمی
الف سے آم ہے
دھوپ بے رنگ ہے
درد بے نام ہے
آنکھ کم کوش ہے
آنکھ خاموش ہے
دھوپ سے درد تک
رنگ سے نام تک
سبز آغاز سے
سرخ انجام تک
صید سے دام تک
ایک آواز ہے
سلسلہ سلسلہ
ایک احساس ہے
دائرہ دائرہ
دائرہ دائرہ
سلسلہ سلسلہ
ایک تو قید ہے
ایک میں قید ہوں
ایک تو دام ہے
ایک میں دام ہوں
ایک تو صید ہے
ایک میں صید ہوں
صید سے دام تک
رنگ سے نام تک
سبز آغاز سے
سرخ انجام تک
ایک آواز ہے
ایک احساس ہے
سلسلہ سلسلہ
دائرہ دائرہ

نظم
سبز آغاز سے سرخ انجام تک
فاروق مضطر