EN हिंदी
رفتگاں | شیح شیری
raftagan

نظم

رفتگاں

عزیز قیسی

;

تم یہاں سو جاؤ
تم کو یہ جگہ بھی گر نہ ملتی تم گلہ ہم سے نہ کرتے

ہم تمہارے ساتھ کچھ مٹی دیے جاتے ہیں
اسی مٹی سے اب ہم رنگ ہو جاؤ

یہ سناٹا تمہارے ساتھ ہے اب اس سے ہم آہنگ ہو جاؤ
تمہارے چاند سورج مر چکے ہیں

تمہاری روشنی
ظلمت

امید و ناامیدی
ناؤ کاغذ کی

گھروندے ریت کے
بچپن جوانی، عمر کا اک ایک لمحہ

تم جو مردہ اور زندہ چھوڑے جاتے ہو
وہ ہم اوروں کو دے دیں گے

اکیلے جس طرح آئے ہو تم وہ سب بھی آئیں گے یہاں تک
سب یہ ورنہ چھوڑ جائیں گے!

کوئی رہزن بنے یا راہ روکے
ہم سفر ہو یا کوئی رستہ دکھائے

اپنا رستہ سب کو تنہا پار کرنا ہے
ہمارا کام سولی پر چڑھانا ہے سو ہم کرتے ہیں

لیکن بوجھ سولی کا تمہیں کو ہے اٹھانا
تم یہاں سو جاؤ

اپنا بوجھ اٹھائے ہم بھی آئیں گے
ہمارے چاند سورج بھی مریں گے!