لوح کا راستہ، دھوپ کے شامیانوں سے ڈھانپا ہوا
اجنبی اجنبی چاپ سنتا رہا۔۔۔ ساتھ چلتا رہا
اور پھر ایک دن۔۔۔ دس محرم کی آنکھوں سے نکلا ہوا
اک سنہری کنول
یوں اچھالا افق کی شفق جھیل میں۔۔۔
شام کے وقت نے
جیسے ابلیس سکہ کوئی
پھینک دے رحم تاریخ کے سرخ کشکول میں
آسماں رک گیا۔۔۔ رک گیا آسماں
سو گیا اجتماعی لحد میں کہیں زندگی کا دمشق
میں نے سوچا کہ ایسے میں بہتا نہیں
اشک آب فرات
راستہ روک پہلے۔۔۔ پڑاؤ کے خیمے لگا
اور پھر شام کی باز گشتوں میں بہتی اذاں
مجھ سے کہنے لگی
وقت کو ضائع کرنا گناہ کبیرہ سے بھی بڑھ کے ہے
قبلہ رو ہو کے لبیک میں نے کہا
کوئی شہ رگ کے اندر سے کہنے لگا
کہ نمازیں قضا لوٹ سکتی ہیں لیکن قضا ساعتیں
لوٹ سکتی نہیں!
نظم
قضا نہیں ہونا تجھے
منصور آفاق