EN हिंदी
پرچھائیاں | شیح شیری
parchhaiyan

نظم

پرچھائیاں

مختار صدیقی

;

کیوں نہ اب تم سے تصور میں کروں بات سنو تم سے یہ کہنا ہے مجھے
تم کہو گی نہیں میں وجہ سخن جان گئی

یاد سے تیری ہی معمور ہیں دن رات یہ کہنا ہے مجھے
تم کہو گی کہ میں ہستی کو کفن مان گئی

راہ الفت میں کبھی ہوگا ترا ساتھ یہ کہنا ہے مجھے
تم کہو گی میں زمانے کا چلن جان گئی

کون بدلے گا یہ حالات یہ کہنا ہے مجھے
تم کہو گی میں انہیں دار و رسن مان گئی

زندگی یہ ہے تو مرنا بھی ہے بارات یہ کہنا ہے مجھے
تم کہو گی کہ یہ میں سوختہ تن جان گئی

2
میں زمانے کے ہوں آئین کا پابند یہ کہنا ہے مجھے

تم کہو دیکھو کہ یہ مرگ ابد ہے کہ نہیں
ہاں میں اس پہ ہوں رضامند یہ کہنا ہے مجھے

تم کہو جور زماں کی کوئی حد ہے کہ نہیں
مجھ پہ ہر راہ ہوئی بند یہ کہنا ہے مجھے

تم کہو زندہ گرفتار لحد ہے کہ نہیں
ہاں گرفتار ہوں دو چند یہ کہنا ہے مجھے

تم کہو نعمت ہستی سے یہ کد ہے کہ نہیں
3

تم میری زیست کے ویرانے میں پرتو ہو خیابانوں کا
میں تو صرصر ہوں کہ ویرانوں سے کیا میل خیابانوں کے

تم تو ہو نغمۂ شب تاب مرے اجڑے شبستانوں کا
میں تو شیون ہوں کہ شیون ہیں نشاں ایسے شبستانوں کے

تم نیا روپ رچاؤ نیا سنگار ہو میرے نئے ارمانوں کا
میں تو ہوں خون تمنا کہ سدا خون ہوا کرتے ہیں ارمانوں کے

تم تو امرت ہو ملالوں کے الاؤ میں جلی جانوں کا
میں نہیں راکھ بھی کیا اور نشاں ہوں گے ملالوں سے جلی جانوں کے