وہ پھل ہے رس بھرا
یا پھل کی رس بھری اساس ہے
ہے سب کے سامنے
یا عین درمیان پیڑ کے
چھپا ہوا ہے بیج کی طرح
لبوں کو کھولتی ہوئی
وہ عام گفتگو ہے
یا لبوں کو سیل کرتا
اک معاملۂ خاص ہے
مری طرح وہ شاد کام ہے
یا خاندان والوں کی طرح اداس ہے
وہ آ گیا تو ہو گئی ہے جامنی فضا
یا اور ہے کوئی
کہ جس کا جامنی لباس ہے
ہے باغ کی روش
یا مین گیٹ کے قریب
لہلہاتی گھاس ہے
وہ اوس ہے
یا اوس سے بھرا پڑا گلاس ہے!!
نظم
اوس سے بھرا گلاس
اقتدار جاوید