زندگی شعر کا موضوع تو ہو سکتی ہے
شعر کے اور جو عنواں ہیں اگر وہ نہ رہیں
اس پہ کیا بحث کریں
بحث پھر بحث ہے
عورت پہ ہو لونڈے پہ ہو یا جنس پہ ہو
بحث پھر بحث ہے
اخلاق پر مذہب پہ ہو یا فلسفۂ سائنس پہ ہو
بحث پھر بحث ہے
زندگی اور اجل پہ ہو یا خود شعر پہ ہو
بحث کس درجہ ہے لا یعنی شے
بحث جو ہو نہ سکی ماں سے کہ وہ ماں ہے مری
اور بیٹے سے کہ بیٹا ہے مرا
اور نہیں جانتے ہم دونوں بھی
میں بھی بیٹا بھی مرا
کس کی اولاد ہیں ہم
بحث کس درجہ ہے لا یعنی شے
پوچھو اس روح سے اس جسم سے خلوت میں کبھی
جو لفظ سوچتا رہتا ہے یہی
زندگی کس طرح کاٹی جائے
نظم
لا یعنیت
سلیمان اریب