وقت کی کھیتی ہیں ہم
وقت بوتا ہے اگاتا پالتا ہے
اور بڑھنے کے مواقع بھی ہمیں دیتا ہے وقت
سبز کو زریں بتانے کی اجازت مرحمت کرتا ہے اور
ناچنے دیتا ہے باد شوخ کی موجوں کے ساتھ
جھومنے دیتا ہے سورج کی کرن کی ہم دمی میں
چاندنی پی کر ہمیں بدست پاتا ہے تو خوش ہوتا ہے وقت
پھولنے پھلنے کی تدبیریں بتاتا ہے ہمیں
ہاں مگر انجام کار
کاٹ لینا ہے ہمیں
ہم بالآخر اس کے نغمے
ہم بالآخر اس کی فصل
نظم
کھیتی
عمیق حنفی