چاہتوں کا جہان ہے اردو
راحتوں کا نشان ہے اردو
عشق کا اعتبار اور وقار
حسن کی آن بان ہے اردو
دل فزا ضو کدہ صباحت کا
اور ملاحت کی کان ہے اردو
نثر کا ہے خرام خوش ہنگام
شاعری کی اڑان ہے اردو
زندہ ہے اپنا ذوق و شوق اس سے
آرزوؤں کی جان ہے اردو
لطف ہستی کا رنگ مستی کا
خوش نما کاروان ہے اردو
ذکر آرائش خم کاکل
کیف ہندوستان ہے اردو
دفتر اتحاد و یک جہتی
پیار کی داستان ہے اردو
ایکتا ہے انیکتا میں بھی
دوست داری کا مان ہے اردو
غالبؔ و میرؔ اس کے شیدا تھے
جن کی روح روان ہے اردو
آتشؔ و مومنؔ و نظیرؔ و جگرؔ
جن کی رنگیں زبان ہے اردو
اس کے عاشق نسیمؔ اور چکبستؔ
جن کے جذبوں کی شان شان ہے اردو
دوست اس کے سرورؔ اور سرشارؔ
اس لئے شادمان ہے اردو
درد مند اس کے پریم چندؔ رہے
جن کے باعث جوان ہے اردو
اس کے مشتاق ملاؔ اور فراقؔ
جن کے دل کا بیان ہے اردو
نعرہ زن جوشؔ کا خروش اس میں
جوش کی ترجمان ہے اردو
فیضؔ و اقبالؔ و کرشن چندر سے
وسعت بے کران ہے اردو
دھوم محرومؔ کی ہوئی اس میں
اور منورؔ کی آن ہے اردو
راشدؔ و میراجیؔ کی البیلی
شوخ ادا راز دان ہے اردو
فطنت و فن کی دولت بیدار
کرشن موہنؔ کی جان ہے اردو
نظم
چاہتوں کا جہان ہے اردو
کرشن موہن