EN हिंदी
بے مصرف رشتوں کی فراغت | شیح شیری
be-masraf rishton ki faraghat

نظم

بے مصرف رشتوں کی فراغت

انجم سلیمی

;

سب سے اچھا کھیل ہے
اجنبیت کو کریدنا

سب سے اچھا کھیل ہے
وقت گزاری

وقت بہت ہے ہمارے پاس
کڑھتے رہنے کے لیے اور

باتیں کرنے کے لیے
دیواروں سے خود کلامی کے انداز میں

دیواریں کہاں سنتی ہیں
دیواریں تو بس دیواریں ہیں

جو حائل رہتی ہیں رشتوں کے درمیان
جن پر لٹکائے جا سکتے ہیں رشتے!

متروک جذبوں کے میک اپ میں لپٹے لپٹائے
بے چہرہ پوسٹر

پرانے کلینڈر کی طرح اتار پھینکنے کے لیے
وقت کی قاشیں!

وقت بہت ہے ہمارے پاس
وقت گزاری کے لیے

کمپیوٹر اسکرین پر روشن رہتے ہیں
بے حساب گڈمڈ حروف بے شمار بے خال و خط

آوازیں!
اجنبیت کی تہوں سے نئے رشتے نئے تعلق

جنہیں لٹکایا جا سکے کلینڈر کی طرح
سخت دل دیواروں پر

جنہیں لٹکایا جا سکے کلینڈر کی طرح
سب سے اچھا کھیل ہے

اجنبیت کو کریدنا
اور کرید رہے ہیں ہمارے بچے

نئے رشتے نئے گھر نئے وطن
کھیل ہی کھیل میں

کتنا بے رشتہ کتنا بے گھر کتنا بے وطن کر دیا ہے
ہمیں ہمارے بچوں نے!!!

ہمارے پاس تو صرف دیواریں بچی ہیں
جن پر لٹکائی جا سکتی ہے

بے مصرف رشتوں کی فراغت!!
اور وقت بہت ہے ہمارے پاس!!!