EN हिंदी
سینٹ اسامہ | شیح شیری
scent usama

نظم

سینٹ اسامہ

ذیشان ساحل

;

سینٹ اسامہ
اب روزانہ

نو سے گیارہ
اپنے پیارے مداحوں سے

تورا بورا کے غاروں
یا دار الحرب میں ملتے ہیں

جہاں بھی وہ جا کے ٹھہرے ہیں
گانے پر پابندی ہے

پھول لگانے اور تصویر
اتروانے پر پابندی ہے

عورتیں نامحرم کے ساتھ نظر آئیں تو
کوڑے اور پتھر مارے جائیں گے

امریکہ کے گن گانے والوں کے
ہاتھ پیر اور سر بھی اتارے جائیں گے

خبر نہیں کہ سیدھی راہ پہ چلنے والے
مغرب میں ہیں یا مشرق میں

یہ بھی یاد نہیں کہ بچے آخری بار
کب اسکول گئے

قدم قدم پر کانٹے اور بارودی سرنگ بچھی ہوئی ہیں
جن کو ناکارہ کرنے کے سارے منتر

ہاتھوں میں بندوق اٹھا کے
سینٹ اسامہ بھول گئے

جان بچانے والی دواؤں کی
یا رب کتنی قلت ہے

کہ بے چارے ہر بندے کو
جان دینے کی

نئی ادائیں سکھلاتے ہیں
اب روز

نو سے گیارہ
اپنے پیارے مداحوں کو

جنت میں لے جانے والی
کئی دعائیں سکھلاتے ہیں