EN हिंदी
زلزلوں نے کیا یوں شہر کو مسمار کہ بس | شیح شیری
zalzalon ne kiya yun shahr ko mismar ki bas

غزل

زلزلوں نے کیا یوں شہر کو مسمار کہ بس

محسن احسان

;

زلزلوں نے کیا یوں شہر کو مسمار کہ بس
چیخ اٹھے خوف سے بام و در و دیوار کہ بس

بارشیں لے گئی ہیں سارا اثاثہ میرا
مہرباں اتنا ہوا ابر گہربار کہ بس

اب کسی دل میں نہیں منبر و محراب کا خبط
ایسے بدنام ہوئے جبہ و دستار کہ بس

اتنی مے بھی نہ ملی ہونٹ ذرا تر کرتے
اپنی تقدیر پہ وہ روئے ہیں مے خوار کہ بس

شہر تخریب میں کیا خواہش تعمیر کریں
ایسے تاراج ہوئے کوچہ و بازار کہ بس

اب کے خورشید نے برسائی ہے وہ تاریکی
سر برہنہ نکل آئی ہے شب تار کہ بس

ظلم وہ ظلم اجل ڈھونڈھتی پھرتی ہے پنہ
صبر وہ صبر کہ شرمندہ ہے آزار کہ بس

یار و اغیار نے دیکھا ہے تعجب سے بہت
محسنؔ احساں پہ تھی وہ تیروں کی بوچھار کہ بس