EN हिंदी
ضبط غم مشکل ہے اور مشکل ہے مشکل کا جواب | شیح شیری
zabt-e-gham mushkil hai aur mushkil hai mushkil ka jawab

غزل

ضبط غم مشکل ہے اور مشکل ہے مشکل کا جواب

ظہیر احمد تاج

;

ضبط غم مشکل ہے اور مشکل ہے مشکل کا جواب
ناصح مشفق ترے بس کا نہیں دل کا جواب

آئنہ میں دیکھتے ہیں حسن کامل کا جواب
کوئی پوچھے کیا وہ دیں گے جذبۂ دل کا جواب

الوداع کہہ کر جو دیتے ہیں مرے دل کا جواب
آ پڑی مشکل کہ کیا ہو ایسی مشکل کا جواب

خاک پروانہ ہو شاید ضبط کامل کا جواب
شمع ہو سکتی ہے کب میرے بجھے دل کا جواب

اے مرے جذب محبت تیری یہ بے تابیاں
اور خموشی ہی خموشی جان محفل کا جواب

اک سوال شوق پر اس نے ہمیں گھائل کیا
حشر کے دن دیکھنا ہے کیا ہو قاتل کا جواب

نغمگی انکار کی بھی ہے سرور افزا مگر
اب کہاں ہے لن ترانی حسن کامل کا جواب

ان سے آنکھیں چار کر کے تاجؔ میں کھویا گیا
اک بھری محفل میں بے خود کر گیا دل کا جواب