EN हिंदी
یہ جو پھوٹ بہا ہے دریا پھر نہیں ہوگا | شیح شیری
ye jo phuT baha hai dariya phir nahin hoga

غزل

یہ جو پھوٹ بہا ہے دریا پھر نہیں ہوگا

ثروت حسین

;

یہ جو پھوٹ بہا ہے دریا پھر نہیں ہوگا
روئے زمیں پر منظر ایسا پھر نہیں ہوگا

زرد گلاب اور آئینوں کو چاہنے والی
ایسی دھوپ اور ایسا سویرا پھر نہیں ہوگا

گھائل پنچھی تیری کنج میں آن گرا ہے
اس پنچھی کا دوسرا پھیرا پھر نہیں ہوگا

میں نے خود کو جمع کیا پچیس برس میں
یہ سامان تو مجھ سے یکجا پھر نہیں ہوگا

شہزادی ترے ماتھے پر یہ زخم رہے گا
لیکن اس کو چومنے والا پھر نہیں ہوگا

ثروتؔ تم اپنے لوگوں سے یوں ملتے ہو
جیسے ان لوگوں سے ملنا پھر نہیں ہوگا