EN हिंदी
یہ اخلاص گراں مایہ بہت ہے | شیح شیری
ye iKHlas-e-garan-maya bahut hai

غزل

یہ اخلاص گراں مایہ بہت ہے

ساحر ہوشیار پوری

;

یہ اخلاص گراں مایہ بہت ہے
تم آئے دل کو چین آیا بہت ہے

غم دل کو بہت راس آئے ہیں ہم
غم دل ہم کو راس آیا بہت ہے

فریب دشمناں ہم کھائیں گے کیا
فریب دوستاں کھایا بہت ہے

مبارک تم کو قصر و چتر شاہی
ہمیں دیوار کا سایہ بہت ہے

بہت ہم نے بھی سمجھایا ہے دل کو
ہمیں بھی دل نے سمجھایا بہت ہے

اسی دنیا کو ہم اپنا رہے ہیں
کہ جس نے ہم کو ٹھکرایا بہت ہے

خدا رکھے اسے دل شاد ساحرؔ
کہ اس نے ہم کو تڑپایا بہت ہے