یہ بھی نہ پوچھا تم نے انجمؔ جیتا ہے یا مرتا ہے
واہ جی وا عاشق سے کوئی ایسی غفلت کرتا ہے
نئی جوانی نئے نویلے نادان الڑھ اور البیلے
سچ پوچھو تو تم کو صاحب دل دیتے جی ڈرتا ہے
پوچھتے کیا ہو حال ہمارا جینے کا ہے کون سہارا
رو لیتے ہیں جی بھر بھر کر جب غم سے جی بھرتا ہے
ان سے نہیں کچھ شکوہ ہم کو ان سے نہیں کچھ رنج و ملال
کس سے اے دل عشق کیا کس سے چاہ کو برتا ہے
روتے روتے ہجر میں کیوں کر جینے سے دل سیر نہ ہو
کہتے ہیں تالاب بھی صاحب پھیون پھیون بھرتا ہے
مجھ کو تو دل دینے میں کچھ عذر نہیں اے جان جہاں
سچ تو یہ ہے دل ہی خود کچھ آگا پیچھا کرتا ہے
سیل سرشک غم سے انجمؔ خانۂ دل برباد نہ ہو
دیکھو دیکھو کعبہ کی بنیاد میں پانی مرتا ہے
غزل
یہ بھی نہ پوچھا تم نے انجمؔ جیتا ہے یا مرتا ہے
مرزا آسمان جاہ انجم