EN हिंदी
وہ جو محو تھے سر آئنہ پس آئنہ بھی تو دیکھتے | شیح شیری
wo jo mahw the sar-e-aina pas-e-aina bhi to dekhte

غزل

وہ جو محو تھے سر آئنہ پس آئنہ بھی تو دیکھتے

نجمہ خان

;

وہ جو محو تھے سر آئنہ پس آئنہ بھی تو دیکھتے
کبھی روشنی میں وہ تیرگی کو چھپا ہوا بھی تو دیکھتے

تو یہ جان لیتے کہ سچ ہے کیا یہ جو فرد جرم ہے سب غلط
وہ جو پڑھ کے متن ہی رہ گئے کبھی حاشیہ بھی تو دیکھتے

سر آب جو رہے تشنہ لب تو یہ ضبط غم کی ہے انتہا
مرے حال پہ تھے جو نکتہ چیں مرا حوصلہ بھی تو دیکھتے

وہ اتر گئے تھے جو پار خود مجھے بیچ بحر میں چھوڑ کر
تھا جو ان میں اتنا ہی حوصلہ مجھے ڈوبتا بھی تو دیکھتے

جنہیں مجھ سے ہے یہ گلہ کہ میں رہی بے نیاز خلوص و ربط
میرے گرد رسم و رواج کا کبھی دائرہ بھی تو دیکھتے

وہ مری خوشی سے ہیں خوش گماں کہ نشاط زیست ہے مدعا
مرے اشک غم کا رکا ہوا کبھی قافلہ بھی تو دیکھتے