EN हिंदी
وہ ایک شخص کہ منزل بھی راستہ بھی ہے | شیح شیری
wo ek shaKHs ki manzil bhi rasta bhi hai

غزل

وہ ایک شخص کہ منزل بھی راستہ بھی ہے

عطاء الحق قاسمی

;

وہ ایک شخص کہ منزل بھی راستہ بھی ہے
وہی دعا بھی وہی حاصل دعا بھی ہے

میں اس کی کھوج میں نکلا ہوں ساتھ لے کے اسے
وہ حسن مجھ پہ عیاں بھی ہے اور چھپا بھی ہے

میں در بدر تھا مگر بھول بھول جاتا تھا
کہ اک چراغ دریچے میں جاگتا بھی ہے

کھلا ہے دل کا دریچہ اسی کی دستک پر
جو مجھ کو میری نگاہوں سے دیکھتا بھی ہے

یہ میری سرحد جاں میں قدم دھرا کس نے
کہ محو خواب ہوں آنکھوں میں رت جگا بھی ہے

اسے وہ بھولنے لگتا ہے جو اسے بھولے
عطاؔ کہ دل زدہ بھی اور سر پھرا بھی ہے