EN हिंदी
تجھ پر مری محبت قربان ہو نہ جائے | شیح شیری
tujh par meri mohabbat qurban ho na jae

غزل

تجھ پر مری محبت قربان ہو نہ جائے

بہزاد لکھنوی

;

تجھ پر مری محبت قربان ہو نہ جائے
یہ کفر بڑھتے بڑھتے ایمان ہو نہ جائے

اللہ ری بے نقابی اس جان مدعا کی
میری نگاہ حسرت حیران ہو نہ جائے

میری طرف نہ دیکھو اپنی نظر کو روکو
دنیائے عاشقی میں ہیجان ہو نہ جائے

پلکوں پہ رک گیا ہے آ کر جو ایک آنسو
یہ قطرہ بڑھتے بڑھتے طوفان ہو نہ جائے

حد ستم تو ہے بھی حد وفا نہیں ہے
ظالم ترا ستم بھی احسان ہو نہ جائے

ہوتی نہیں ہے وقعت ہوتی نہیں ہے عزت
جب تک کہ کوئی انساں انسان ہو نہ جائے

اس وقت تک مکمل ہوتا نہیں ہے کوئی
جب تک کہ خود کو اپنی پہچان ہو نہ جائے

بہزادؔ اس لئے میں کہتا نہیں ہوں دل کی
ڈرتا ہوں سن کے دنیا حیران ہو نہ جائے