EN हिंदी
تھی سیاہیوں کا مسکن مری زندگی کی وادی | شیح شیری
thi siyahiyon ka maskan meri zindagi ki wadi

غزل

تھی سیاہیوں کا مسکن مری زندگی کی وادی

عامر عثمانی

;

تھی سیاہیوں کا مسکن مری زندگی کی وادی
ترے حسن کے تصدق مجھے روشنی دکھا دی

ترا غم سما گیا ہے مرے دل کی دھڑکنوں میں
کوئی عیش جب بھی آیا مرے دل نے بد دعا دی

جو ذرا بھی نیند آئی کبھی اہل کارواں کو
وہی بن گئے لٹیرے جو بنے ہوئے تھے ہادی

وہ کبھی نہ بن سکی ہے وہ کبھی نہ بن سکے گی
کسی دل کی جو عمارت تری بے رخی نے ڈھا دی

یہ کبھی کبھی عنایت ہے بمنزل سیاست
کہ جفائیں سہنے والا کہیں ہو نہ جائے عادی

ہمیں آخرت میں عامرؔ وہی عمر کام آئی
جسے کہہ رہی تھی دنیا غم عشق میں گنوا دی