سخن سخن جو کسی کرب سے عبارت تھا
میں لفظ لفظ خود اپنی ہی تو حکایت تھا
خیال وہم کی صورت بھی کیا حقیقت تھا
وہ دور دور تھا تو کتنا خوبصورت تھا
ہر اک بنام محبت خلوص کی خاطر
ہر ایک دوسرے کے واسطے مصیبت تھا
وجود لفظ و معانی سکون جاں کہیے
خود اپنی ذات میں ہر حرف اک اذیت تھا
لپکتے شعلوں میں جلتے رہے خطوط مگر
اک ایک حرف پکارا ہے میں محبت تھا
اسے درازئ قد پر بہت غرور ہوا
سنا ہے اس میں بھی پہلو حصول شہرت تھا
ہزار اس سے خفا ہوں برا کہیں لیکن
شمیمؔ شخص تھا کیا خوب دم غنیمت تھا
غزل
سخن سخن جو کسی کرب سے عبارت تھا
مختار شمیم