EN हिंदी
سبک مجھ کو محبت میں یہ کج افتاد کرتا ہے | شیح شیری
subuk mujhko mohabbat mein ye kaj-uftad karta hai

غزل

سبک مجھ کو محبت میں یہ کج افتاد کرتا ہے

محمد اعظم

;

سبک مجھ کو محبت میں یہ کج افتاد کرتا ہے
جو میں ہرگز نہ کرتا وہ مرا ہم زاد کرتا ہے

بکھر کر بھی اسی کو ڈھونڈھتی ہیں ہر طرف آنکھیں
جو مجھ کو اک نگہ میں اک سے لاتعداد کرتا ہے

ہوئی ہیں شور دل میں غرق تعبیریں صداؤں کی
مگر اتنی خبر ہے کوئی کچھ ارشاد کرتا ہے

قیامت ہے جو اب یہ خفتگان خاک دل جاگیں
کوئی اس کہنہ ویرانے کو پھر آباد کرتا ہے

کہا ہو کچھ کبھی مجھ سے تو اے چارہ گرو جانوں
میں کیا کہہ دوں دل بیمار کس کو یاد کرتا ہے

سرآمد عشق ہے پاتا ہے کوئی دل نصیبوں سے
پھر اپنے واسطے معشوق خود ایجاد کرتا ہے

برا کہنا مجھے اس کا وظیفہ ہے تو ہونے دو
وہ خود کو یوں مرے آسیب سے آزاد کرتا ہے