EN हिंदी
سوئے کہاں تھے آنکھوں نے تکیے بھگوئے تھے | شیح شیری
soe kahan the aankhon ne takiye bhigoe the

غزل

سوئے کہاں تھے آنکھوں نے تکیے بھگوئے تھے

بشیر بدر

;

سوئے کہاں تھے آنکھوں نے تکیے بھگوئے تھے
ہم بھی کبھی کسی کے لئے خوب روئے تھے

انگنائی میں کھڑے ہوئے بیری کے پیڑ سے
وہ لوگ چلتے وقت گلے مل کے روئے تھے

ہر سال زرد پھولوں کا اک قافلہ رکا
اس نے جہاں پہ دھول اٹے پاؤں دھوئے تھے

اس حادثے سے میرا تعلق نہیں کوئی
میلے میں ایک ساتھ کئی بچے کھوئے تھے

آنکھوں کی کشتیوں میں سفر کر رہے ہیں وہ
جن دوستوں نے دل کے سفینے ڈبوئے تھے

کل رات میں تھا میرے علاوہ کوئی نہ تھا
شیطان مر گیا تھا فرشتے بھی سوئے تھے