EN हिंदी
شراب آئے تو کیف و اثر کی بات کرو | شیح شیری
sharab aae to kaif-o-asar ki baat karo

غزل

شراب آئے تو کیف و اثر کی بات کرو

اختر انصاری اکبرآبادی

;

شراب آئے تو کیف و اثر کی بات کرو
پیو تو بزم میں فکر و نظر کی بات کرو

فسانۂ خم گیسو میں کیف کچھ بھی نہیں
نظام عالم زیر و زبر کی بات کرو

چمن میں دام بچھاتا ہے وقت کا صیاد
گلوں سے حوصلۂ بال و پر کی بات کرو

قبائے زہد کی پاکیزگی تو دیکھ چکے
شراب خانے میں دامان تر کی بات کرو

کہانیاں شب ہجراں کی ہو چکی ہیں تمام
سحر طلوع ہوئی ہے سحر کی بات کرو

چمن چمن میں ادھر ہو رہی ہے حد بندی
کھلی فضائیں جدھر ہیں ادھر کی بات کرو

گلوں کا ذکر بہاروں میں کر چکے اخترؔ
اب آؤ ہوش میں برق و شرر کی بات کرو