EN हिंदी
شب شوق لے گیا تھا ہمیں اس کے گھر تلک | شیح شیری
shab shauq le gaya tha hamein uske ghar talak

غزل

شب شوق لے گیا تھا ہمیں اس کے گھر تلک

مصحفی غلام ہمدانی

;

شب شوق لے گیا تھا ہمیں اس کے گھر تلک
پر غش سا آ گیا ووہیں پہنچے جو در تلک

گر ہم کو لگ گئی ہیں کبھی ہچکیاں تو ہم
آٹھ آٹھ آنسو روئے ہیں دو دو پہر تلک

ڈرتا ہوں میں یہ گم نہ کرے آپ کو کہیں
پھر جعد کو ہوئی ہے رسائی کمر تلک

پروانہ کیا اڑے ہے چراغاں میں تو نہیں
پہنچا جو کوئی شعلہ ترے بال و پر تلک

صحرائے کشتگاں میں ترے کل گیا تھا میں
دیکھوں تو لالہ زار ہے حد نظر تلک

پھیلاؤ بحر اشک کا اپنے میں کیا کہوں
پہنچی ہے موج گر یہ مری بحر و بر تلک

وے دن کدھر گئے کہ میں لکھ لکھ کے خط شوق
جاتا تھا آپ گریہ کناں نامہ بر تلک

شب اس کی بزم میں جو گئے ہم تو مصحفیؔ
ایسے جمے کہ واں سے نہ اٹھے سحر تلک