EN हिंदी
شام وعدہ کا ڈھل گیا سایہ (ردیف .. ا) | شیح شیری
sham-e-wada ka Dhal gaya saya

غزل

شام وعدہ کا ڈھل گیا سایہ (ردیف .. ا)

نریش کمار شاد

;

شام وعدہ کا ڈھل گیا سایہ
آنے والا ابھی نہیں آیا

زندگی کے غموں کو اپنا کر
ہم نے دراصل تم کو اپنایا

جستجو ہی دلوں کی منزل تھی
ہم نے کھو کر تجھے، تجھے پایا

زندگی نام ہے جدائی کا
آپ آئے تو مجھ کو یاد آیا

ہم نے تیری جفا کے پردے میں
خود بھی دل پر بہت ستم ڈھایا

زندگی سے تو خیر شکوہ تھا
مدتوں موت نے بھی ترسایا

شادؔ اہل طرب کو بھی اکثر
میری افسردگی پہ پیار آیا